سرورِ دیں کی گدائی واہ وا شہرِ طیبہ تک رسائی واہ وا
اللہ اللہ خوش نصیبی کا عروج رات دن مدحت سرائی واہ وا
سرورِ کونین کے اعزاز میں دستِ بستہ ہے خدائی واہ وا
روشنی میں ڈھل گئی ہیں ظلمتیں اے ظہورِ مصطفائی! واہ وا
اہلِ محشر دیکھ کر حیران ہیں ہم غلاموں کی رہائی واہ وا
لب پہ آنا تھا درودِ پاک کا ہو گئی دل کی صفائی واہ وا
پیرِ کامل کی خدایا خیر ہو مے ہمیں ایسی پلائی واہ وا
ترجمہ شہزاد اشکوں نے کیا نعت آنکھوں نے سنائی واہ وا