We've added ads to help keep the platform running and improving for you.

Chaman e Taiba Mein Sumbal

Ala Hazrat Imam Ahmed Raza Khan Barelvi

چمنِ طیبہ میں سُنبل جو سنوارے گیسو حُور بڑھ کر شِکن ناز پہ وارے گیسو


کی جو بالوں سے تِرے روضہ کی جاروب کشی شب کو شبنم نے تبرک کو ہیں دھارے گیسو


ہم سِیہ کاروں پہ یاربّ تپشِ محشر میں سایہ افگن ہوں تِرے پیارے کے پیارے گیسو


چرچے حُوروں میں ہیں دیکھو تو ذرا بال براق سُنبلِ خلد کے قربان اُتارے گیسو


آخرِ حج غمِ اُمّت میں پریشاں ہو کر تِیرہ بختوں کی شفاعت کو سدھارے گیسو


گوش تک سُنتے تھے فریاد اب آئے تادوش کہ بنیں خانہ بدوشوں کو سہارے گیسو


سُوکھے دھانوں پہ ہمارے بھی کرم ہو جائے چھائے رحمت کی گھٹا بن کے تمہارے گیسو



Instant Access to Thousands of Lyrics - Tap to Install!

Get it on Google Play


کعبۂ جاں کو پنھایا ہے غلافِ مُشکیں اُڑ کر آئے ہیں جو اَبرو پہ تمہارے گیسو


سِلسلہ پا کے شفاعت کا جھکے پڑتے ہیں سجدئہ شکر کے کرتے ہیں اِشارے گیسو


مُشک بُو کوچہ یہ کس پھول کا جھاڑا ان سے حُوریو عنبرِ سارا ہوئے سارے گیسو


دیکھو قرآں میں شبِ قدر ہے تا مطلعِ فجر یعنی نزدیک ہیں عارِض کے وہ پیارے گیسو


بِھینی خوشبو سے مہک جاتی ہیں گلیاں واللہ کیسے پھولوں میں بسائے ہیں تمہارے گیسو


شانِ رحمت ہے کہ شانہ نہ جُدا ہو دم بھر سینہ چاکوں پہ کچھ اس درجہ ہیں پیارے گیسو


شانہ ہے پنجۂ قدرت تِرے بالوں کے لئے کیسے ہاتھوں نے شہا تیرے سنوارے گیسو


اُحدِ پاک کی چوٹی سے اُلجھ لے شب بھر صبح ہونے دو شبِ عید نے ہارے گیسو


مژدہ ہو قبلہ سے گھنگھور گھٹائیں اُمڈیں اَبرووں پر وہ جھکے جھوم کے بارے گیسو


تارِ شیرازۂ مجموعۂ کونین ہیں یہ حال کھل جائے جو اِک دم ہوں کنارے گیسو


تیل کی بُوندیں ٹپکتی نہیں بالوں سے رضاؔ صبح عارِض پہ لٹاتے ہیں سِتارے گیسو

Stop Wasting Storage - Download Lyrics in Lightweight Text Format!

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2026 Midhah