ہونٹوں پہ میرے صبح و مسا حمد ہے تیری ہر درد کی بے مثل دوا حمد ہے تیری
کیا لفظ ہے الحمد لك الحمد الہی ہر نعمت عظمی کی جزا حمد ہے تیری
تکبیر ہو تہلیل ہو تسبیح کہ تحمید لاریب یہ سب ذکر و ثنا حمد ہے تیری
تو سرور کونین کا خالق ہے خدایا ہر نعت نبی صل علی حمد ہے تیری
کرتی ہیں ترا ذکر سمندر کی یہ لہریں گلشن میں عنادل کی صدا حمد ہے تیری
کلیوں کی مہک باغ میں غنچے کا چٹکنا قمری کی سرِ شاخ نوا حمد ہے تیری
مظہر ہیں ترے حسن کا بہتے ہوئے چشمے وادی کی سکوں بخش فضا حمد ہے تیری
والفجر ہو والشمس ہو والنجم کہ اخلاص قرآن بھی اے ذات ورا حمد ہے تیری
سینے میں دھڑکتا ہوا دل تیرا ثنا گو بندے کی بصد عجز دعا حمد ہے تیری
باقی بھی تیری ذات ہے قیوم بھی تو ہے خوش بخت ہے جس لب پہ سدا حمد ہے تیری
ہر شعر تری حمد کا انعام ہے تیرا اک حمد کی جاں بخش جزا حمد ہے تیری
شہزاد تیرے نام کا ذاکر ہے ازل سے آئینہ الطاف و عطا حمد ہے تیری