We've added ads to help keep the platform running and improving for you.

Yeh Ikram Hai Mustafa ParNot Verified

Hassan Raza Khan Barelvi

یہ اِکرام ہے مصطفیٰ پر خدا کا کہ سب کچھ خدا کا ہوا مصطفٰی کا


یہ بیٹھا ہے سکہ تمہاری عطا کا کبھی ہاتھ اُٹھنے نہ پایا گدا کا


چمکتا ہوا چاند غارِ حرا کا اُجالا ہوا برجِ عرشِ خدا کا


لحد میں عمل ہو نہ دیو بلا کا جو تعویذ میں نقش ہو نقشِ پا کا


جو بندہ خدا کا وہ بندہ تمہارا جو بندہ تمہارا وہ بندہ خدا کا


مِرے گیسوؤں والے میں تیرے صدقے کہ سر پر ہجومِ بلا ہے بلا کا


تِرے زیر پا مسندِ مُلک یزداں تِرے فرق پر تاج مُلکِ خدا کا


سہارا دیا جب مِرے ناخدا نے ہوئی ناؤ سیدھی پھرا رُخ ہوا کا


کیا ایسا قادِر قضا و قدر نے کہ قدرت میں ہے پھیر دینا قضا کا


اگر زیر دیوارِ سرکار بیٹھوں مِرے سر پہ سایہ ہو فضلِ خدا کا


ادَب سے لیا تاجِ شاہی نے سر پر یہ پایا ہے سرکار کے نقشِ پا کا


خدا کرنا ہوتا جو تحت مشیت خدا ہو کر آتا یہ بندہ خدا کا


اَذاں کیا جہاں دیکھو ایمان والو پسِ ذِکر حق ذِکر ہے مصطفی کا


کہ پہلے زباں حمد سے پاک ہو لے تو پھر نام لے وہ حبیب خدا کا


یہ ہے تیرے اِیمائے اَبرو کا صدقہ ہدف ہے اثر اپنے تیر دعا کا


ترا نام لے کر جو مانگے وہ پائے ترا نام لیوا ہے پیارا خدا کا


نہ کیونکر ہو اس ہاتھ میں سب خدائی کہ یہ ہاتھ تو ہاتھ ہے کبریا کا


جو صحرائے طیبہ کا صدقہ نہ ملتا کھلاتا ہی نہ پھول جھونکا صبا کا


عجب کیا نہیں گر سراپا کا سایہ سراپا سراپا ہے سایہ خدا کا


خدا مدح خواں ہے خدا مدح خواں ہے مِرے مصطفٰی کا مِرے مصطفٰی کا



No More Screenshots! Save Storage with Our Lyrics App!

Get it on Google Play


خدا کا وہ طالب خدا اس کا طالب خدا اس کا پیارا وہ پیارا خدا کا


جہاں ہاتھ پھیلا دے منگتا بھکاری وہی در ہے داتا کی دولت سرا کا


تِرے رتبہ میں جس نے چون و چرا کی نہ سمجھا وہ بدبخت رُتبہ خدا کا


تِرے پاؤں نے سر بلندی وہ پائی بنا تاجِ سر عرشِ ربِّ علا کا


کسی کے جگر میں تو سر پر کسی کے عجب مرتبہ ہے تِرے نقش پا کا


ترا دَردِ اُلفت جو دِل کی دوا ہو وہ بے دَرد ہے نام لے جو دَوا کا


تِرے بابِ عالی کے قربان جاؤں یہ ہے دُوسرا نام عرشِ خدا کا


چلے آؤ مجھ جاں بلب کے کنارے کہ سب دیکھ لیں پھر کے جانا قضا کا


بھلا ہے حسنؔ کا جنابِ رضا سے بھلا ہو الٰہی جنابِ رضا کا

Download Lyrics & Access Offline - Install Our App Now!

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2026 Midhah