Woh Banda e Khaas Khuda Ke

وہ بندۂ خاص خدا کے ہیں اور ان کی ساری خدائی ہے ان ہی کی پہنچ ہے خالق تک ان تک خلقت کی رَسائی ہے



وہ رَب کے ہیں رَب ان کا ہے جو ان کا ہے وہ رب کا ہے بے ان کے جو حق سے ملا چاہے دیوانہ ہے سودائی ہے



وہ سخت گھڑی اللہُ غَنِیْ کہتے ہیں نبی نَفْسِیْ نَفْسِیْ اس وقت اِک رحمت والے کو مجرم اُمت یاد آئی ہے



اَچھوں کا زمانہ ساتھی ہے میں بد ہوں مجھ کو نباہو تم کہلا کے تمہارا جاؤں کہاں بے بس کی کہاں شنوائی ہے



آجاؤ بدن میں جاں ہو کر اور دل میں رہو اِیماں بن کر ہے جسم ترا یہ جان تری اور دِل تو خاص کمائی ہے




Get it on Google Play



آنکھوں میں ہیں لیکن مثلِ نظر یوں دل میں ہیں جیسے جسم میں جاں ہیں مجھ میں ولیکن مجھ سے نہاں اس شان کی جلوہ نمائی ہے



اللہ کی مرضی سب چاہیں اللہ رضا اُن کی چاہے ہے جنبشِ لب قانونِ خدا قرآن و خبر کی گواہی ہے



مالک ہیں خزانہ ٔ قدرت کے جو جس کو چاہیں دے ڈالیں دی خلد جنابِ رَبیعہ کو بگڑی لاکھوں کی بنائی ہے



دنیا کو مبارک ہو دنیا اللہ کرے وہ مجھ کو ملیں ہر سر میں جن کا سودا ہے ہر دل جن کا شیدائی ہے



گو سجدئہ سر ہے ان کو منع لیکن دِل و جاں ہیں سجدہ ُکناں ہے حکمِ شریعت سر پہ رَواں دِل جاں نے معافی پائی ہے



وہ کعبہ ٔسر ہے یہ قبلۂ دِل وہ قبلۂ تن ہے یہ کعبہ ٔ جاں سر اس پہ جھکا دِل ان پہ فدا اور جاں ان کی شیدائی ہے



لکڑی نے کیا ان سے شکوہ اُونٹوں نے کیا ان کو سجدہ ہیں قبلۂ حاجت عالم کے سالکؔ کیوں بات بڑھائی ہے

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah