روح و بدن میں، قول و عمل میں کتنے جمیل ہیں آپ انساں ہے مسجود ملائک ، اس کی دلیل ہیں آپ
آپ کی اک اک بات کلام الٰہی کی تفسیر قرآں تو اجمال بلیغ ہے ، اور تفصیل ہیں آپ
آپ نوید عیسٰیؑ بھی ہیں ، مژده موسٰیؑ بھی آپ ایثار و وفا کے وارث ، سبطِ خلیل ہیں آپ
آپ کے ذکر سے کھلتے جائیں ، راز جہانوں کے قدم قدم پر وجود و عدم میں سب کے کفیل ہیں آپ
مکہ و طائف کی گلیوں میں سنگِ ستم کے ہدف بدر و حنین کے میدانوں میں بطلِ جلیل ہیں آپ
روزِ ازل ، انسان کو خدا نے اک منشور دیا اور اِسی منشورِ ہدایت کی تکمیل ہیں آپ
ؔکتنے یقین سے بڑھتا جائے آپ کی سمت ندیم اُس کو کیا اندیشہ شب ، جس کی قندیل ہیں آپ