We've added ads to help keep the platform running and improving for you.

Is Taraf Bhi Karam Aye Rashk e Masiha KarnaVerified

Bedam Shah Warsi

اس طرف بھی کرم اے رشک مسیحا کرنا کہ تمہیں آتا ہے بیمار کا اچھا کرنا


بے خود جلوہ سے کہتا ہے یہ جلوہ ان کا لطف نظارہ اٹھا ہوش سنبھالا کرنا


اے جنوں کیوں لئے جاتا ہے بیاباں میں مجھے جب تجھے آتا ہے گھر کو مرے صحرا کرنا



Download Lyrics & Access Offline - Install Our App Now!

Get it on Google Play


جب بجز تیرے کوئی دوسرا نہیں موجود پھر سمجھ میں نہیں آتا ترا پردہ کرنا


یہی وہ کام ہیں ناکام محبت کے لئے کبھی ان کا کبھی تقدیر کا شکوہ کرنا


ہم بھی دیکھیں ترے آئینۂ رخ کو لیکن شاق ہے گرد نظر سے اسے دھندلا کرنا


کوئی جا ہو دیر و حرم ہو کے صنم خانہ ہو ہم کو نقش قدم یار پہ سجدہ کرنا


دیکھ لے جا کے وہ دریا پہ تماشائے حباب جس کو منظور ہو نظارۂ دنیا کرنا


پردۂ ہستی موہوم ہٹا لو پہلے پھر جہاں چاہو وہاں یار کو دیکھا کرنا


شکوہ اور شکوۂ محبوب الٰہی توبہ کفر ہے مذہب عشاق میں شکوہ کرنا


ایک تم ہو کہ تمہیں بات کا کچھ پاس نہیں اور اک ہم کہ ہمیں منہ سے جو کہنا کرنا


وہ میرے اشک کو دامن پہ جگہ دیتے ہیں یعنی منظور ہے اس قطرے کو دریا کرنا


ایسی آنکھوں کے تصدق مری آنکھیں بیدمؔ کہ جنہیں آتا ہے اغیار کو اپنا کرنا

Never Be Without Your Favorite Lyrics - Get the App for Offline Access!

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2026 Midhah