آج ہے اُس نبی کی وِلادت کا دِن سارے نبیوں کی جس کو اِمامت مِلی
ہر گھڑی، اُس گھڑی کا قصیدہ پڑھے خاک کو جب سِتاروں کی عظمت مِلی
جھُوٹی معبود یت مُنّہ کے بَل گِر پڑی صحنِ کعبہ کو سچّی عبادت مِلی
دستِ بُوجہل میں بول اُٹھیں کنکریں بے زبانوں سے حق کی شہادت مِلی
پہنّچی اِنسانیّت اپنی مِعراج کو آدمی کو خُدا کی خلافت مِلی
فرش سے عرش تک خیر مقدم ہُوا جِس کو اَرض و سما کی قیادت مِلی
جس نے آنسُو بہائے ہمارے لیے جس کو ہم سی گُنہ گار اُمّت مِلی