مِٹا میرے رنج و اَلَم یاالٰہی عطا کر مجھے اپنا غم یاالٰہی
شرابِ محبت کچھ ایسی پِلا دے کبھی بھی نشہ ہو نہ کم یاالٰہی
مجھے اپنا عاشِق بنا کر بنا دے تُو سرتاپا تصویرِ غم یاالٰہی
فَقَط تیرا طالِب ہوں ہرگز نہیں ہوں طلبگارِ جاہ و حَشَم یاالٰہی
نہ دے تاجِ شاہی نہ دے بادشاہی بنا دے گدائے حرم یاالٰہی
جو عشقِ محمد میں آنسو بہائے عطا کر دے وہ چشمِ نَم یاالٰہی
شَرَف حج کا دیدے چلے قافِلہ پھر مِرا کاش! سُوئے حرم یاالٰہی
دکھا دے مدینے کی گلیاں دکھا دے دکھا دے نبی کا حرم یاالٰہی
چلے جان اِس شان سے کاش یہ سر درِ مصطَفٰے پر ہو خَم یاالٰہی
مِرا سبز گنبد کے سائے میں نکلے محمد کے قدموں میں دم یاالٰہی
عبادت میں لگتا نہیں دل ہمارا ہیں عِصیاں میں بدمَست ہم یاالٰہی
مجھے دیدے ایمان پر اِستقامت پئے سیِّدِ مُحْتَشَم یاالٰہی
مِرے سر پہ عِصیاں کا بار آہ مولٰی بڑھا جاتا ہے دم بدم یاالٰہی زمیں بوجھ سے میرے پھٹتی نہیں ہے یہ تیرا ہی تو ہے کرم یاالٰہی
حُقُوقُ العِباد! آہ! ہوگا مِرا کیا! کرم مجھ پہ کر دے کرم یاالٰہی
بڑی کوششیں کی گنہ چھوڑنے کی رہے آہ! ناکام ہم یاالٰہی
مجھے سچّی توبہ کی توفیق دیدے پئے تاجدارِ حرم یاالٰہی
جو ناراض تُو ہوگیا تو کہیں کا رہوں گا نہ تیری قسم یاالٰہی
مجھے نارِ دوزخ سے ڈر لگ رہا ہے ہو مجھ ناتُواں پر کرم یاالٰہی
سدا کیلئے ہوجا راضی خدایا ہمیشہ ہو لُطف و کرم یاالٰہی
خدایا بُرے خاتِمے سے بچانا پڑھوں کلمہ جب نکلے دم یاالٰہی
گناہوں سے بھر پور نامہ ہے میرا مجھے بخش دے کر کرم یاالٰہی
تُلیں میرے اعمال میزاں پہ جس دم پڑے اِک بھی نیکی نہ کم یاالٰہی
میں تھا لائقِ نارِ دوزخ خدایا دی جنّت ہے کتنا کرم یاالٰہی
بروزِ قیامت ہو ایسی عنایت رہوں پُل پہ ثابِت قدم یاالٰہی
جَلا دے نہ نارِ جہنم کرم ہو پئے بادشاہِ اُمَم یاالٰہی
گناہوں کی عادت بڑھی جا رہی ہے کرم یاالٰہی کرم یاالٰہی
گناہوں کی تاریکیاں چھا گئی ہیں کرم یاالٰہی کرم یاالٰہی
چلے قبر میں سب اکیلا لِٹا کر کرم یاالٰہی کرم یاالٰہی
نکیرین بھی قبر میں آچکے ہیں کرم یاالٰہی کرم یاالٰہی
قِیامت کی گرمی میں کیسے سہوں گا کرم یاالٰہی کرم یاالٰہی
یہود و نصاریٰ کو مغلوب کردے ہو ختم اُن کا جَور و سِتم یاالٰہی
مجھے دونوں عالم کی خوشیاں عطا ہوں مٹا دے زمانے کے غم یاالٰہی
جو بیمار آئے شِفا پاکے جائے سکھا دے مجھے ایسا دم یاالٰہی
میں تحریر سے دِیں کا ڈنکا بجادوں عطا کر دے ایسا قلم یاالٰہی
تُو عطّارؔ کو بے سبب بخش مولیٰ کرم کر کرم کر کرم یاالٰہی