غیر ممکن ہے عطا میں یہاں تاخیر کی بات مختلف دہر سے دہلیزِ زماں گیر کی بات
بھاری دیواں سے' جومقبول ہو اک مصرع بھی نہیں تعداد کی' یہ ساری ہے تاثیر کی بات!
کیسا در جودوسخا کا ہے کہ دریوزہ گرو! خواب سے پہلے یہاں ہوتی ہے تعبیر کی بات
ان گلی کوچوں کی خاک آئینہ ہے جنت کا یہاں کرتی ہے ہوا خلد کی تصویر کی بات
اُنؐ کی باتوں میں ہیں اسرار جہاں بانی کے انؐ کی سیرت میں ہے اقوام کی تعمیر کی بات
ایک مقبول سلام' ایک سرفراز درود! خوبی بخت کی زیبائی تقدیر کی بات!
سرسری جان نہ اس ذوقِ ثنا کاری کو ہے یہ توظیم کی' تکریم کی' توقیر کی بات
نہیں الفاظ سے انوار کا ممکن اظہار خاک سے کیا ہو بیاں سرمدی تنویر کی بات
انُ کی نسبت ہے ریاضؔ آئینہ نسل اندر نسل از ازل تا بہ ابد نور کی زنجیر کی بات