دنیا میں کوئی بھی نہیں تیرے سوا، میرے خدا ! حاجت روا و چارہ گر، مشکل کشا میرے خدا !
تو نے جو بھیجا ہے نبیؐ نبیوں میں ہے وہ آخری وہ مفتخر، وہ منتخب، وہ مصطفیٰ، میرے خدا !
دل میں یہی گردان ہو' یا رب ھو یا رحمٰن' ہو '' حنان یا منان'' ہو صبح و مسا، میرے خدا!
کرمک کوئی پتھر میں ہو، ذی روح بحر وبر میں ہو محتاج ہے تیرا ہی وہ' ہے جس جگہ میرے خدا !
سیّارگاں کے دائرے ' یہ کہکشاؤں کے کرے تیرے سبب گردش میں ہیں پھیلے خلا میرے خدا!
باتیں تری حکومت بھری، فرمان تیرے روشنی تُو نفس کے ظلمات میں ہے رہنما' میرے خدا!
پانی کا قطرہ ہو کوئی، مٹی کا ذرہ ہو کوئی خود میں مکمل ہے جہاں' حکمت بھرا' میرے خدا
اے چارۃ بے چارگاں! اے دستگیر بے کساں! میری ہر اک تکلیف میں تُو آسرا میرے خدا!
جو خلق کا معتوب ہو' مغضوب ہو' اس پر بھی تُو دن رات کرتا ہے کرم' بے انتہا میرے خدا !
عاصی ترا' مجرم ترا' ریاضؔ پر خطا امید وارِ فضل ہے' میرے خدا میرے خدا!