آیا ہے میرے دل میں جو ارمان حمد کا پورا ترے کرم سے ہو دیوان حمد کا
تیرے کرم سے شعر کے پیراۓ میں ڈھلے آواز دے رہا ہے جو امکان حمد کا
خوشبو ہے دھڑکنوں میں ترے اسم پاک کی دل میں کِھلا ہُوا ہے گلستان حمد کا
تاثیر کے چراغ جلاۓ کلام میں قاری کوئی ملے جو خوش الحان حمد کا
تسبیح کے میں جملہ مراتب سمجھ سکوں اللہ ! کر عطا مجھے عرفان حمد کا
مصروف ہر گھڑی رہے اورادِ شکر میں گر مرتبہ سمجھ سکے انسان' حمد کا
الحمد' ابتدا ہےتو والناس' اختتام کیا سرمدی صحیفہ ہے قرآن حمد کا
الفاظ کے قرینے سے چُپ کے سلیقے سے کرتا ہے ورد دل بہر عنوان حمد کا
تحریر ہر گھڑی کرے اس کی ثناۓ خاص جو اذن دے ریاضؔ کو رحمٰن حمد کا