We've added ads to help keep the platform running and improving for you.

مصطفٰی خیرُالْوَرٰے ہو سرورِ ہر دوسَرا ہو


اپنے اچھوں کا تَصَدُّق ہم بدوں کو بھی نباہو


کس کے پھر ہو کر رہیں ہم گر تمہیں ہم کو نہ چاہو


بَد ہنسیں تم اُن کی خاطر رات بھر رُوؤ کراہو


بد کریں ہر دم برائی تم کہو ان کا بھلا ہو


ہم وہی ناشُسْتَہ رُو ہیں تم وہی بحرِ عطا ہو


ہم وہی شایانِ رَد ہیں تم وہی شانِ سخا ہو


ہم وہی بے شرم و بد ہیں تم وہی کانِ حیا ہو


ہم وہی نَنگِ جَفا ہیں تم وہی جانِ وَفا ہو


ہم وہی قابل سزا کے تم وہی رحمِ خدا ہو


چَرخ بدلے دَہر بدلے تم بدلنے سے وَرا ہو


اب ہمیں ہوں سَہْو حاشا ایسی بھولوں سے جدا ہو


عمر بھر تو یاد رکھا وقت پر کیا بھولنا ہو


وقتِ پیدایِش نہ بھولے کَیْفَ یَنْسٰی کیوں قضا ہو


یہ بھی مولیٰ عرض کر دوں بھول اگر جاؤ تو کیا ہو


وہ ہو جو تم پر گِراں ہے وہ ہو جو ہرگز نہ چاہو


وہ ہو جس کا نام لیتے دشمنوں کا دل برا ہو


وہ ہو جس کے رَد کی خاطر رات دن وَقْفِ دُعا ہو


مر مٹیں برباد بندے خانہ آباد آگ کا ہو



Offline Lyrics Anytime, Anywhere - Download the App Today!

Get it on Google Play


شاد ہو اِبلیس مَلْعُوں غم کسے اس قَہر کا ہو


تم کو ہو وَ اللہ تم کو جان و دل تم پر فدا ہو


تم کو غم سے حق بچائے غم عَدُوّ کو جاں گَزا ہو


تم سے غم کو کیا تعلق بیکسوں کے غم زِدا ہو


حق درُودیں تم پہ بھیجے تم مُدام اس کو سراہو


وہ عطا دے تم عطا لو وہ وہی چاہے جو چاہو


بر تو اُو پاشَدْ تو بر ما تا اَبد یہ سِلسلہ ہو


کیوں رضاؔ مشکل سے ڈریئے جب نبی مشکل کُشا ہو

Find Your Favorite Lyrics Anytime, Anywhere - Install the App Today!

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2026 Midhah