مرے علو مرتبت منزہ مقام آقاؐ وظیفہ ربّ دوجہاں تیرا نام آقاؐ
مجھے بھی معراج ذہن و احساس ہو رہی ہے کیا تری ٹھوکروں میں جب سے قیام آقاؐ
تری محبت اگر رگوں میں نہ موجزن ہو تو ایک پل کو بھی مجھ پہ جینا حرام آقاؐ
میں تیرا دربان تیرا نوکر ترا بھکاری سلام مالک سلام مولا سلام آقاؐ
ملائیکہ لمحہ لمحہ تجھ پر درود بھیجیں جماعت جن و انس کا تو امام آقاؐ
جہاد کرتے ہوئے شہادت کا جام پی لوں ترے درودوں پہ ہو مرا اختتام آقاؐ
تری گلی میں ہوں ختم میرے تمام رستے میں خرچ ہو جاؤں تیری خاطر تمام آقاؐ
چلے گا جب تیرے پیچھے روز جزا مظفر کہیں گے لوگوں سے لوگ دیکھو غلام ، آقاؐ