ہر لحظہ ہے رحمت کی برسات مدینے میں فیضانِ محمد ﷺ ہے دن رات مدینے میں
پلکوں پہ سجاؤں گا میں خاک مدینہ کی لے جائیں اگر مجھ کو حالات مدینے میں
کچھ ہار درودوں کے ہیں زاد سفر میرا لے جاؤں گا اشکوِں کی سوغات مدینے میں
عرشی بھی سوالی ہیں فرشی بھی سوالی ہیں ملتی ہے شفاعت کی خیرات مدینے میں
دربار سے کوئی بھی ناکام نہیں پھرتا سنتے ہیں وہ سائل کی ہر بات مدینے میں
جس ذات کی برکت سے ہے نام ظہوریؔ کا ہے جلوہ نما ہر سو وہ ذات مدینے میں