آپ کا نام نامی ہی نعت آپؐ کی میری نعتوں کا دیوان ذات آپؐ کی
ربِّ اکبر اتالیق ہے آپؐ کا تربیت گاہِ عالم حیات آپؐ کی
وقت اور فاصلے آپؐ کے ساتھ ہیں آپؐ دولھا ہیں دنیا برات آپؐ کی
مردہ دل بھی مسیحائی کرنے لگے زندگی کا سویرا ہے رات آپؐ کی
جب سے میں آپؐ کے راستوں پر چلا چاپ، رہنے لگی میرے ساتھ آپؐ کی
میری آنکھوں میں ڈوبا ہوا ہے قلم میرا ہر ایک آنسو دوات آپؐ کی
یا محمدؐ کا میں نے وظیفہ کیا پڑھ کے نکلا ہوں ساری لغات آپؐ کی
آپؐ کو چاہ کر معتبر میں ہوا میرے ہونٹوں پہ ہے ٗ بات بات آپؐ کی
خوانِ رحمت سے چُنتا ہے اپنی غذا کھا رہا ہے مظفر زکوٰۃ آپؐ کی