کیوں نہ ہو رُتبہ بڑا اصحاب و اہل بیت کا ہے خدائے مصطفی، اصحاب و اہل بیت کا
آل و اصحاب نبی سب بادشہ ہیں بادشاہ میں فقط ادنیٰ گدا اصحاب و اہل بیت کا
میری جھولی میں نہ کیوں ہوں دوجہاں کی نعمتیں میں ہوں منگتا میں گدا اصحاب و اہل بیت کا
کیوں ہو مایوس اے فقیرو! آؤ آکر لوٹ لو ہے خزانہ بٹ رہا اصحاب و اہل بیت کا
فضل ربّ سے دوجہاں میں کامیابی پائے گا دل سے جو شیدا ہوا اصحاب و اہل بیت کا
اے خدائے مصطفی! ایمان پر ہو خاتمہ مغفرت کر! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
جینا مرنا اُن کی اُلفت میں ہو یارب! اور ہو قرب جنت میں عطا اصحاب و اہل بیت کا
حشر میں مجھ کو شفاعت کی عطا خیرات ہو واسطہ یا مصطفی! اصحاب و اہل بیت کا
نور والے! قبر میری حشر تک روشن رہے واسطہ تم کو شہا! اصحاب و اہل بیت کا
ہر برس میں حج کروں، میٹھا مدینہ دیکھ لوں یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
نزع میں حسنین کے نانا کا جلوہ ہو نصیب یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
دے گناہوں سے نجات اور متقی مجھ کو بنا یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
دردِ عصیاں کی دوا مل جائے میں بن جاؤں نیک یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
شاہ کی دُکھیاری اُمت کے دُکھوں کو دور کر یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
تنگدستی دُور ہو اور رِزق میں برکت ملے یاالٰہی! واسطہ اصحاب و اہل بیت کا
یاالٰہی! شکریہ عطارؔ کو تو نے کیا شعر گو، مِدحت سرا اصحاب و اہل بیت کا