شرف حاصل ہے دیدارِ شہ ِ لولاک کرنے کا سلیقہ مُجھ کو آتا ہے گریباں چاک کرنے کا
جب اُن کا نام لو دِل رُک سا جائے اشک بہہ نکلیں یہی نسخہ ہے اُن کے قرب کے ادراک کرنے کا
خُدا کے گھر میں ہو آؤ نبی کے در پہ رو آؤ اگر جذبہ ہے خود کو معصیت سے پاک کرنے کا
زمیں پر آپ کی لانے میں منشائے الہٰی تھا زمیں سے کم بہت کم ، رتبہء افلاک کرنے کا
ثنا سرکار کی سرکار کا مختار نامہ ہے خُدا سے خُلد میں بیعانہ ُ املاک کرنے کا
عمل ، چھوٹی سی اِک سُنّت پہ کر کے جنگ جیتی تھی عجب ردِّ عمل تھا اِک ذرا مسواک کرنے کا
شہِ کونین ، بھر دینا لحد کو نُور سے اپنے ہو لمحہ جب مظفّؔر کو سپردِ خاک کرنے کا