Muti Matlab Tumhara Har

مُعْطِیِ مطلب تمہارا ہر اِشارہ ہوگیا جب اِشارہ ہوگیا مطلب ہمارا ہوگیا



ڈوبتوں کا یانبی کہتے ہی بیڑا پار تھا غم کنارے ہوگئے پیدا کنارا ہوگیا



تیری طلعت سے زمیں کے ذرّے مَہ پارے بنے تیری ہیبت سے فلک کا مَہ دو پارا ہوگیا



اللہ اللہ محو حسن رُوئے جاناں کے نصیب بند کرلیں جس گھڑی آنکھیں نظارہ ہوگیا



یوں تو سب پیدا ہوئے ہیں آپ ہی کے واسطے قسمت اُس کی ہے جسے کہہ دو ہمارا ہوگیا



تِیرگی باطل کی چھائی تھی جہاں تاریک تھا اُٹھ گیا پردہ ترا حق آشکارا ہوگیا



کیوں نہ دم دیں مرنے والے مرگِ عشقِ پاک پر جان دی اور زندگانی کا سہارا ہوگیا



نام تیرا ذکر تیرا تو ترا پیارا خیال ناتوانوں بے سہاروں کا سہارا ہوگیا



ذرۂ کوئے حبیب اللہ رے تیرے نصیب پاؤں پڑ کر عرش کی آنکھوں کا تارا ہوگیا



ترے صانِع سے کوئی پوچھے ترا حسن و جمال خود بنایا اور بنا کر خود ہی پیارا ہوگیا



ہم کمینوں کا انہیں آرام تھا اتنا پسند غم خوشی سے دُکھ تہ دل سے گوارا ہوگیا



کیوں نہ ہو تم مالک مُلکِ خدا مِلکِ خدا سب تمہارا ہے خدا ہی جب تمہارا ہوگیا



روزِ محشر کے اَلم کا دشمنوں کو خوف ہو دُکھ ہمارا آپ کو کس دِن گوارا ہوگیا



جو اَزَل میں تھی وہی طلعت وہی تنویر ہے آئینہ سے یہ ہوا جلوہ دوبارا ہوگیا




Get it on Google Play



تو ہی نے تو مصر میں یوسف کو یوسف کردیا تو ہی تو یعقوب کی آنکھوں کا تارا ہوگیا



ہم بھکاری کیا ہماری بھیک کس گنتی میں ہے تیرے در سے بادشاہوں کا گزارا ہوگیا



اے حسن ؔقربان جاؤں اس جمالِ پاک پر سینکڑوں پردوں میں رہ کر عالم آرا ہوگیا

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah