محمدؐ کی اطاعت کر رہا ہوں خریداریِ رحمت کر رہا ہوں
نبی ؐ کو جس نے پہلی بار دیکھا میں اس لمحے کی بیعت کر رہا ہوں
ترے محبوب کی خاطر الہٰی تری دنیا میں شرکت کر رہا ہوں
فراز کرسی و سدرہ پہ چڑھ کر مدینے کی زیارت کررہا ہوں
صحیفہ ہیں جو ہجر مصطفےؐ کا ان اشکوں کی تلاوت کر رہا ہوں
ہیں نعلینِ محمدؐ تاج میرا غلامی میں حکومت کر رہا ہوں
مجھے کعبہ بہت پیارا ہے لیکن نبیؐ کے ساتھ ہجرت کررہا ہوں
نمازوں کو درودوں سے سجا کر عبادت ہی عبادت کر رہا ہوں
بہت ہی شوق ہے جینے کا مجھ کو تمنائے شہادت کر رہا ہوں
عمل تو آخرت میں شائع ہوں گے یہاں ان کی کتابت کر رہا ہوں
جہاں حسان نعتیں پڑھ رہے ہیں وہاں کی میں نظامت کررہا ہوں
مظفر معصیت کے ابر ہوں سے میں اس دل کی حفاظت کر رہا ہوں