Jan Se Tang Hain Qaidi

جان سے تنگ ہیں قیدی غمِ تنہائی کے صدقے جاؤں میں تری اَنجمن آرائی کے



بزم آرا ہوں اُجالے تری زیبائی کے کب سے مشتاق ہیں آئینے خود آرائی کے



ہو غبارِ دَرِ محبوب کہ گردِ رَہ دوست جزوِ اَعظم ہیں یہی سرمۂ بینائی کے



خاک ہو جائے اگر تیری تمناؤں میں کیوں ملیں خاک میں اَرمان تمنائی کے



وَ رَفَعْنَا لَکَ ذِکْرَک کے چمکتے خورشید لامکاں تک ہیں اُجالے تری زیبائی کے




Get it on Google Play



دلِ مشتاق میں اَرمانِ لقا آنکھیں بند قابل دِید ہیں اَنداز تمنائی کے



لب جاں بخش کی کیا بات ہے سُبْحَانَ اللہ تم نے زندہ کیے اعجاز مسیحائی کے



اپنے دامن میں چھپائیں وہ مرے عیبوں کو اے زہے بخت مری ذِلت و رسوائی کے



دیکھنے والے خدا کے ہیں خدا شاہد ہے دیکھنے والے تِرے جلوۂ زیبائی کے



جب غبارِ رَہِ محبوب نے عزت بخشی آئنے صاف ہوئے عینکِ بینائی کے



بار سر پر ہے نقاہت سے گرا جاتا ہوں صدقے جاؤں ترے بازو کی توانائی کے



عَالِمُ الْغَیْب نے ہر غیب سے آگاہ کیا صدقے اِس شان کی بینائی و دانائی کے



دیکھنے والے ہو تم رات کی تاریکی میں کان میں سمع کے اور آنکھ میں بینائی کے



غیبی نطفے ہیں وہ بے علم جنم کے اندھے جن کو انکار ہیں اس علم و شناسائی کے



اے حسنؔ کعبہ ہی افضل سہی اس در سے مگر ہم تو خوگر ہیں یہاں ناصیہ فرسائی کے

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah