Zindagi Abu Bakar Ki

زندگی بوبکرکی حکم خدا کے ساتھ ہے بدر و غار و قبر میں وہ مصطفےؐ کے ساتھ ہے



پشت ہشتم میں محمدؐ سے ملے اس کا نسب صدیوں سے وہ رحمت ارض و سما کے ساتھ ہے



کنیت بوبکر ہے صدیق ہے اس کا لقب یعنی عبداللہ حبیب کبریا کے ساتھ ہے




Get it on Google Play



سب سے پہلے ہاتھ رکھا مصطفےؐ کے ہاتھ پر سچی خاموشی بھی قرآن صدا کے ساتھ ہے



پاک تھا کردار اس کا قبل از اسلام بھی روشنی کا مستحق نور الہدا کے ساتھ ہے



سر پہ رکھ لایا ہے گھر میں جو بھی کچھ سامان تھا ہر خوشی اسکی محمدؐ کی رضا کے ساتھ ہے



حکم آقاؐ سے کیا فرض امامت بھی ادا آپ کی ہر اک ادا اسکی ادا کے ساتھ ہے



چن لیا بعد نبیؐ پہلا خلیفہ آپ کو آپ کا رستہ نبیؐ کے نقش پا کے ساتھ ہے



عمر بھی صدیق نے پائی تریسٹھ سال کی عرصہء انفاس بھی خیر الورا کے ساتھ



موت کی منزل نے بھی تنہا نہیں چھوڑا اسے وقت سے بچھڑا ہوا لمحہ بقا کے ساتھ ہے



ان کے پائے ناز سے وابستہ ہے وہ آج بھی جنکے نیچے کی زمیں عرش علا کے ساتھ ہے



دامن ماضی میں ڈھونڈو آنے والے دور کو جو بھی اسکے ساتھ ہے وہ ارتقا کے ساتھ ہے



میری خوشی بختی کہ صدیقی مظفر میں بھی ہوں عاقبت میری بھی جنت کی ہوا کے ساتھ ہے

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah