Nikhare Hue Kirdaar Ka

نکھرے ہوۓ کردار کا قرآن ہے سجادؑ انسان کی تقدیس کا سلطان ہے سجادؑ سرچشمۃ دیں، عظمتِ ایمان ہے سجادؑ اسلام کی تاریخ کا عنوان ہے سجادؑ



یہ شہر فضائل ہے مسائب کا جہاں ہے تکبیر نبوت ہے امامت کی اذاں ہے



ہر دور میں احساس کی معراج ہے سجادؑ غیرت کا شہنشاہ ہے سرتاج ہے سجادؑ مظلوم کی آنکھوں میں مکیں آج ہے سجادؑ کب تیرے میرے ذکر کا محتاج ہے سجادؑ؟




Get it on Google Play



جب تک ہے جہاں میں حق و باطل کا فسانہ سجاد کے سجدوں کو نہ بھولے گا زمانہ



سجاد کی آہٹ سے لرزتی رہی شاہی سجاد کی آواز ہے باطل کی تباہی! سجاد کے بے تیغ رہِ حق کا سپاہی سجاد ہے شبیرؑ کی عظمت کی گواہی



سجاد کی ہیبت سے اجل ڈول رہی ہے زنجیر کی اک ایک کڑی بول رہی ہے



سجاد کی صورت ہے کہ قرآن کی سورۃ سجاد کی ہر سانس شریعت کی ضرورت سجاد سے ٹکرائی جو باطل کی کدوت بے نام و نشاں ہوکے رہی گرد کی صورت



جب ظلم کبھی دہر کو برباد کرےگا! سجاد کو سلام بہت یاد کرے گا



آواز سلاسل سے کئی حشر جگاۓ تاریک زمینوں میں مہ و مہر اُگاۓ! اشکوں کی شعاعوں سےدھلےشام کےساۓ چپ رہ کے ہر اک جور کےسب نقش مٹاۓ!



سجاد نے اسلام کی تقدیر جگا دی قیدی تھا مگرظلم کی بنیاد ہلادی



اے آدمِ سادات و نشان رخ حسنینؑ سلطان دل خاک نشیناں شہ ثقلین ابرو میں ہے اعجاز نما آیۃ قوسین ملتی ہےترے درسے ہمیں دولت دارین



انبوہ الم میں بھی مناجات صمد ہے توضبط کا معیار،توہی صبرکی حد ہے



اے قافلہ سالارِ غریباں، مرے سردار تاریخ کا چہرہ ہے ترے خون سےگلنار ہم مرتبۃ عرش معلیٰ ترا کردار! حق تیرا صحیفہ ہے، صداقت تیرا معیار



دنیا ہے فدا چاند کی ادنیٰ سی جھلک پر مولا، یہ ترے طوق کا ٹکڑا ہے فلک پر



ہے صبح کا تارا کہ ترا آخری آنسو یہ قوس قزح ہے کہ ترا سایۃ ابرو ہے شام غریباں کہ ترا نوحۃ گیسو ہر موسم گل تیرے پسینےکی ہےخوشبو



شبنم نے جو پتوں کے کبھی چاک سیے ہیں پھولوں نے ترے زخم بہت یاد کیے ہیں



Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah