Karam Ho Jaan Ko Hai

کرم ہو جان کو ہے سخت خطرہ یارسولَ اللہ نہ پِس جائے کہیں ناچیز ذرّہ یارسولَ اللہ



بُلاؤں کس طرح میں اپنی کُٹیا میں تمہیں سروَر کہ اس قابِل نہیں ہے میرا حُجرہ یارسولَ اللہ



اگر چشمِ کرم ہو تو تَلاطُم خیز موجوں سے ابھی ہو پار میرا ڈوبا بَجْرا یارسولَ اللہ



میں اِس دنیائے فانی میں بھی قبرو حشر و جنّت میں ہر اِک جا پر لگاؤں گا یہ نعرہ یارسولَ اللہ



یقینا جس کے آگے چودہویں کا چاند شرمائے تمہارا ہے وہ چہرہ نِکھرا نِکھرا یارسولَ اللہ



کرم سے تم بلاتے ہو کرم ہی سے تم آتے ہو تمہارے ہی کرم سے بخت سنورا یارسولَ اللہ



میں بن جاؤں گا دیوانہ میں ہوجاؤں گا مستانہ عطا ہو عشق کا گر ایک ذرّہ یارسولَ اللہ



تمہاری یاد میں رویا کروں تڑپا کروں کر دو عنایت اپنے غم کا زخم گہرا یارسولَ اللہ




Get it on Google Play



رُلائے تیرا غم، دنیا کے غم میں میرے آنسو کا نہ ہو برباد آقا کوئی قطرہ یارسولَ اللہ



بلا لو گُنبَدِ خَضرا کی ٹھنڈی ٹھنڈی چھاؤں میں مدینے کا دکھا دو مجھ کو صَحر ا یارسولَ اللہ



سعادت کربلا کی حاضِری کی بھی عنایت ہو دکھا دیجے مجھے بغداد وبصرہ یارسولَ اللہ



نکلنے والی ہے اب روحِ مُضطَرجسم سے جاناں کرم! ایماں کو ہے شیطاں سے خطرہ یارسولَ اللہ



ہوئی جاتی ہے ہائے عمر ضائع جانتا ہوں میں نہیں آئے گا ہرگز وقت گزرا یارسولَ اللہ



کرم! عطاؔرِ بداطوار کے گلزار پر آقا لگایا ہے خَزاں نے سخت پہرا یارسولَ اللہ



Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah