Iss Tarah Tu Ne Har Insaan

اس طرح تُو نے ہر انساں سے محبّت کی تھی آدمیت نے تِرے ہاتھ پہ بیعت کی تھی




Get it on Google Play



وقت کے آخری لمحے بھی کھڑے تھے پیچھے سحَر و شام کی جب تُو نے امامت کی تھی



پر ورش پائی تھی تہذیب نے آنگن میں تِرے تیرے بچپن نے بھی اُستادی حکمت کی تھی



ہر پیمبر ترے سائے میں لپٹ کر آیا تیری آواز نے تکمیلِ حقیقت کی تھی



تیرے اِک سانّس کی قیمت بھی کوئی کیا دے گا تہی دستی میں بھی شاہوں کی کفالت کی تھی



دیکھ لیتا تھا پس ِ پُشت بھی آگے کی طرح تجھ کو خالق نے وہ بینائی و دلیعت کی تھی



اُس کا اِ ک رُخ ہی عطا کر مری بے صبری کو تُو نے ہر حال میں جس طرح قناعت کی تھی



کوئی بھی آئِنہ کیا اِس کے مقابل ٹھہرے سادگی نے تِری ، آرائش ِ اُمّت کی تھی



کاش اُسی طرح مظؔفّر تری تقلید کرے جس طرح تیری صحابہ نے اطاعت کی تھی

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah