Ajab Suroor Sada Uska

عجب سرورِ صدا اُس کا دھیان دیتا ہے بلال کعبے میں گویا اذان دیتا ہے



جلائے دھوپ مجھے جب مِرے گناہوں کی درود ابر کی چادر سی تان دیتا ہے



مِری طلب ہےاُسی کے کرم سے وابستہ جو ایک وقت میں دونوں جہان دیتا ہے



زہے نصیب میسر ہے اُس کا پیار مجھے جو دشمنوں کو بھی اپنے امان دیتا ہے




Get it on Google Play



نشانِ پا بھی ہیں اُس کے ، عروج کا زینہ زمیں نشین کو وہ آسمان دیتا ہے



کرے شکار جو دِل کو بغیر تیروں کے اسی کے ہاتھ میں اپنی کمان دیتا ہے



جو اپنے پیٹ سے فاقوں میں باندھ کر پتھر ضعیف کو بھی ارادے جوان دیتا ہے



کروں جو یاد اُسے سب کثافتیں مٹ جائیں خیال اُس کا عقیدے کو چھان دیتا ہے



مِرے کلام کو شہرت بھی دے رہا ہے وہی جو پتھروں کو مظفر زبان دیتا ہے

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah