آپؐ کے بعد اور کیا چاہیں صرف خوشنودیِ خدا چاہیں
آپؐ کی خوشبوؤں میں رہنا ہے آپؐ کے شہر کی ہوا چاہیں
دیکھ آئے ہیں گنبدِ خضرا خون بھی جسم میں ہرا چاہیں
آپ کی آہٹوں کے شیدائی آپؐ کے سائے کی قبا چاہیں
اتّباعِ حضورؐ لازم ہے ہر زمانہ اگر نیا چاہیں
چومتے رہتے ہیں نشانِ قدم کم نظر سرمہء شِفا چاہیں
اپنا چہرہ بھی اب مظفر ہم اُن کے شیشے میں دیکھنا چاہیں