Mujhe Bakhsh De

مجھے بخش دے بے سبب یا الٰہی نہ کرنا کبھی بھی غضب یاالٰہی



گناہوں نے ہائے! کہیں کا نہ چھوڑا میں کب تک پھروں خوار اب یا الٰہی



پئے شاہِ بطحا مِری چھوٹ جائیں بُری عادتیں سب کی سب یاالٰہی



بڑا حج پہ آنے کو جی چاہتا ہے بُلاوا اب آ ئیگا کب یاالٰہی



میں مکّے میں آؤں مدینے میں آؤں بنا کوئی ایسا سبب یاالٰہی



میں دیکھوں مدینے کا گلشن دکھا دے تُو دَشت و جِبالِ عَرب یاالٰہی



کرم ایسا کر دے مدینے میں آ کر گزاروں میں پھر روز و شب یا الٰہی



دکھا دے بہارِ مدینہ دکھا دے پئے تاجدارِ عرب یاالٰہی



سلیقہ شِعاری کا میں ہوں بھکاری مٹے خُوئے شَور و شَغَب یاالٰہی



ملے بیقراری کروں آہ وزاری ترے خوف سے پیارے رب یا الٰہی



کروں عالموں کی کبھی بھی نہ توہین بنا دے مجھے باادب یاالٰہی




Get it on Google Play



حُسین ابنِ حیدر کے صدقے میں مولٰی ٹلیں آفتیں میری سب یاالٰہی



زمانے کی فکروں سے آزاد کر دے مٹا غم عطا کر طَرَب یاالٰہی



جو مانگا وہ دے مجھ کو وہ بھی عطا کر نہیں کر سکا جو طَلب یاالٰہی



مسلماں مسلمان کے خوں کا پیاسا ہوا وقت آیا عجب یاالٰہی



سبھی ایک ہو جائیں ایمان والے پئے شاہِ عالی نَسب یاالٰہی



کبھی تو مجھے خواب میں میرے مولٰی ہو دیدارِ ماہِ عَرب یاالٰہی



خدایا بُرے خاتمے سے بچا لے گنہگار ہے جاں بَلب یاالٰہی



نظر میں محمد کے جلوے بسے ہوں چلوں اِس جہاں سے میں جب یاالٰہی



پسِ مَرگ ہو روزِ روشن کی مانَند مِری قبر کی تِیرہ شب یاالٰہی



گناہوں سے عطّارؔ کو دے مُعافی کرم ہو، نہ کرنا غَضب یا الٰہی



Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah