نظر سے جب نہاں ہوتا ہے روضہ یا رسول اللہ تو غم سے منہ کو آتا ہے کلیجہ یا رسول اللہ
تری نسبت پہ نازاں ہوں اسی نسبت پہ موت آۓ یہی تو زندگی کا ہے اثاثہ یا رسول اللہ
وہ خالق، آپ یکتا ہے تجھے یکتا بنایا ہے یہی فکرونظرکا ہے خلاصہ یا رسول اللہ
سوالی بن کے آیا ہوں کھڑا ہوں آپ کے در پر تونگرہوں اگربھر دیں یہ کاسہ یا رسول اللہ
جسے تکنےکی خواہش میں تڑپتےعمر بیتی ہے خوشا! نظروں کے آگے ہے مواجہ یا رسول اللہ
وہی مالک جو معطی ہے تجھے قاسم بنایا ہے ترے دستِ کرم کا ہے یہ صدقہ یا رسول اللہ
دمِ آخر جو پتلی میں حضور! عاصی کا دم ہوگا تو اس لمحے دکھا دینا وہ چہرہ یا رسول اللہ
قیامت میں تو ہوگی بس فقط تیری شفاعت ہی گنہگاروں کی بخشش کا وسیلہ یا رسول اللہ
جلیل اُن ہی کے گھرہرلمحہ خوشبو سے مہکتے ہیں کہ صلی اللہ جن کا ہو وظیفہ یا رسول اللہ