'' آمد مصطفیٰؐ کی خوشی نعت ہے'' مرحبا مرحبا! وہ گھڑی نعت ہے
خود خدا نے اٹھائی ہے جس کی قسم میرے سرکار کی زندگی نعت ہے
اِک چٹائی بچھونا ہے سرکار ﷺ کا شاہِ کونین ﷺ کی سادگی نعت ہے
اس سے عقل و خرد کو ملیں وسعتیں روشنی نعت ہے، آگہی نعت ہے
حرزِ جاں گر ہوئی سنت مصطفیٰؐ عشق سرکارﷺ ہے، بس یہی نعت ہے
بس یہی تو سکھایا ہے اسلاف نے مومنو! حاصل زندگی نعت ہے
جان و دل کے دریچے سبھی کھل گۓ کیونکہ ذہنوں کی آسودگی نعت ہے
کذب و غیبت کا ان پہ ہو کیسے گزر جن لبوں پہ حضور! آپ کی نعت ہے
جب درود ان پہ ہے، سنتِ ایزدی مومنوں کا وظیفہ یہی نعت ہے
مٹ گۓ نامیوں کے نشاں تو مگر ہر جگہ، ہرگھڑی گونجتی نعت ہے
عزتوں کے کھڑا ہے وہ مینار پر آپ کی جس نے آقاؐ! لکھی نعت ہے