عطا کر دو مدینے کی اجا زت یارسولَ اللہ کروں میں سبز گنبد کی زیارت یارسولَ اللہ
کچھ ایسا ہو کرم ماہِ رسالت یارسولَ اللہ کروں اللہ کی دل سے عبادت یارسولَ اللہ
صَحابہ کا گدا ہوں اور اہلِ بیت کا خادِم یہ سب ہے آپ ہی کی تو عنایت یارسولَ اللہ
تمہارا فضل ہے جومیں غلامِ غوث و خواجہ ہوں نہ ہوکم اولیا کی دل سے الفت یارسولَ اللہ
اُسی احمد رضا کا واسِطہ جو میرے مرشِد ہیں عطاکر دو مجھے اپنی محبت یارسولَ اللہ
مدینہ میٹھا میٹھا ہے مدینہ پیارا پیارا ہے مدینے سے مجھے بے حد ہے الفت یارسولَ اللہ
میں ہوں سُنّی رہوں سُنّی مروں سُنّی مدینے میں بقیعِ پاک میں بن جا ئے تُربَت یارسولَ اللہ
نَمازوں میں مجھے ہرگز نہ ہو سستی کبھی آقا پڑھوں پانچوں نَمازیں باجماعت یارسولَ اللہ
بڑے بھائی بہن کا میں کہا مانا کروں ہردم کروں ماں باپ کی دن رات خدمت یارسولَ اللہ
بڑے جتنے بھی ہیں گھر میں ادب کرتا رہوں سب کا کروں چھوٹے بہن بھائی پہ شفقت یارسولَ اللہ
میں سب سے ’’آپ‘‘ کہہ کر پیار سے با تیں کروں آقا جِھڑکنے کی ہو میری دور عادت یارسولَ اللہ
ادب استادِ دینی کا مجھے آقا عطا کردو دل و جاں سے کروں اُن کی اطا عت یارسولَ اللہ
کرم کر دو کہ میرا حافِظہ مضبوط ہوجائے نہ ہو استاد کو مجھ سے شکایت یارسولَ اللہ
میں گانے باجوں اور فلموں ڈِراموں کے گنہ چھوڑوں پڑھوں نعتیں کروں اکثر تلاوت یارسولَ اللہ
حسد، وعدہ خِلافی، جھوٹ، چُغلی، غیبت و تہمت مجھے ان سب گناہوں سے ہو نفرت یارسولَ اللہ
مِرے اَخلاق اچھے ہوں مرے سب کام اچھے ہوں بنا دو مجھ کو تم پابندِ سنّت یارسولَ اللہ
ضَرورت سے زِیادہ مال و دولت کا نہیں طالِب رہے بس آپ کی نظرِعنایت یارسولَ اللہ
رہیں سب شاد گھروالے شہا تھوڑی سی روزی پر عطا ہو دولتِ صَبر و قَناعَت یارسولَ اللہ
سب اَہلِ حشر محشر میں اُنہی کو ڈھونڈتے ہونگے پکاریں گے سبھی روزِقِیامت یارسولَ اللہ
بَہُت کمزور ہُوں قابِل نہیں ہرگز عذابوں کے خدارا ساتھ لیتے جانا جنّت یارسولَ اللہ
مجھے تم یارسولَ اللہ دے دو جذبۂ تبلیغ شہا! دیتا پھروں نیکی کی دعوت یارسولَ اللہ
شہا! عطارؔ پر ہر آن رَحمت کی نظر رکھنا کرے دن رات یہ سنّت کی خدمت یارسولَ اللہ