اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا مجھ کو بھی محمدﷺ کو دیوانہ بنا جانا
ہر خواہشِ نفس میری اک بت ہے میرے دل کا بت خانہء دل میرا کعبہ سا بنا جانا
جو رنگ کہ جامی پر رومی پہ چڑھایا تھا اس رنگ کی کچھ رنگت مجھ پہ بھی چڑھا جانا
خرقانی و بسطامی منصور نے جو پی تھی اک قطرہ اسی مے کا مجھ کو بھی پلا جانا
قدرت کی نگاہیں بھی جس چہرے کو تکتی تھیں اس چہرہء انور کا دیدار کرا جانا
اے کاش ریاضؔ آۓ مژدہ یہ مدینے سے سرکار بلاتے ہیں اک نعت سنا جانا