صدا میں ستارہ ستارہ کروں محمدؐ محمدؐ پکارا کروں
دل وجاں سے نعتِ نبیؐ میں سنوں دل و جاں کو ایسے سنوارا کروں
کِھلا ان گلوں میں محمدؐ کا نام میں زخموں کا اپنے نظارہ کروں
خدا کی طرف سے بشارت ملے بنامِ نبیؐ استخارہ کروں
میں اشکوں کی صورت نظر در نظر محمدؐ کا صدقہ اتارا کروں
جگر سبز پتی سے کاٹوں اگر تو منظر ہرا آشکار کروں
لکھوں نعت ثاقب عقیدت بھری کہ خونِ جگر استعارہ کروں