پھر مجھے آقا مدینے میں بُلایا شکریہ شکریہ پھر گنبدِ خضرا دکھایا شکریہ
جس جگہ آٹھوں پَہَر انوار کی ہیں بارِشیں ایسی نورانی فَضاؤں میں بلایا شکریہ
روضۂ انور کے زائر کے شہا تم ہو شفیع میری بخشِش کا بہانہ یوں بنایا شکریہ
پھر طوافِ خانۂ کعبہ کا بخشا ہے شَرَف خوب آقا آبِ زم زم بھی پِلایا شکریہ
مجھ سے عاصی کو شَرَف حج کا عطا فرمادیا کِس زَباں سے ہو ادا تیرا خدایا شکریہ
یاالٰہی! اپنے پیارے کی وِلادَت گاہ کا میٹھے مکّے میں مجھے جَلوہ دکھایا شکریہ
بھیک لینے کیلئے یارب حبیبِ پاک کا آستانہ ہم غریبوں کو دکھایا شکریہ
پھر مدینے کی حَسین و خوبصورت وادِیوں کا حَسین و دِلکُشا منظر دکھایا شکریہ
مسجِد نبوی کے محراب اور مِنبر کا شہا! دِلنواز و دِلرُبا جلوہ دکھایا شکریہ
منہ لگاتا تھا کہاں دنیا میں کوئی بھی مجھے ایسے ناکارہ نکمّے کو نبھایا شکریہ
آہ! تم رویا کئے اُمّت کے غم میں یانبی حوصلہ ہم عاصِیوں کا یوں بڑھایا شکریہ
خود رہے بُھوکے شِکم پر اپنے پتّھر باندھے اور پیار سے تم نے ہمیں کھانا کِھلایا شکریہ
مجھ ذلیل و خوار دنیادار کی اَوقات کیا! میں نثار آقا مجھے پھر بھی نبھایا شکریہ
یارسولَ اللہ !لوگوں نے مجھے ٹھکرادیا تھا مگر تُو نے مجھے اپنا بنایا شکریہ
اِس قَدَر لُطف و عِنایت اپنے نافرمان پر اپنے غم میں اپنی اُلفت میں رُلایا شکریہ
سُنّتوں کو عام کرنے کا مجھے جذبہ دیا اہلِ سُنَّت کا مجھے خادِم بنایا شکریہ
شکریہ کیونکر شہا تیرے کرم کا ہو ادا مجھ سے عاصی کو غلام اپنا بنایا شکریہ
میری عزّت اہلِ سنّت کے دلوں میں ڈال دی اور اَعدا پر مِرا سکّہ بٹھایا شکریہ
دل سے جس نے بھی اَغِثنِی یارسولَ اللہ!کہا آفتوں سے آپ نے اُس کو بچایا شکریہ
خاتِمہ بِالخیر ہو میرا مدینے میں اگر بال بال اُٹّھے پکار اپنا، خدایا شکریہ
دَفن کرکے جب مِرے اَحباب آقا چلدئے لَحد کو جلووں سے آکر جگمگایا شکریہ
پیاس ابھی بڑھنے بھی پائی تھی نہ میری حشر میں جامِ کوثر جلد رَحمت سے پلایا شکریہ
عیب محشر میں کُھلاہی چاہتے تھے میں نثار ڈھک کے پردہ اپنے دامن کا چُھپایا شکریہ
سُوئے دوزخ جب ملائک مجھ کو لیکر چل دیے میں تِرے صَدقے مجھے آکر چُھڑایا شکریہ
شکریہ کیونکر ادا ہو آپ کا یامصطفٰے ہے پڑوسی خُلد میں اپنا بنایا شکریہ
گرچِہ شیطاں ہر گھڑی ایمان کی ہے گھات میں تم نے تھاما، جب کبھی میں ڈگمگایا شکریہ
دولتِ ایماں عطا کی اپنے دامن میں لیا کُفر سے ہم بینواؤں کو بچایا شکریہ
دے دیا عطارؔ کو مرشِد ضِیائُالدین سا اور سگِ غوث و رضا اِس کو بنایا شکریہ