Meraj Bashar Noor e Khuda

معراجِ بشر، نورِ خدا ہیں مرے آقاؐ آئینۃ لولاک لَمَا ہیں مرے آقاؐ



شان آپؐ کی کیسے کسی ادراک میں آۓ بالاۓ حدِ فکرِ رسا ہیں مرے آقاؐ



ذات اُمؐ کی رہ زیست میں تنویرِ ہدایت کردار میں قرآں کی ضیا ہیں مرے آقاؐ



دنیا کی کشاکش ہوکہ ہو دیں کی تگ و دو ایک ایک قدم راہ نُما ہیں مرے آقاؐ



انساں پہ عیاں کرتے ہیں توحید کے اسرار اُمّی ہیں مگر فہم و ذکا ہیں مرے آقاؐ



مقصود حیات آپؐ کا انسان کی بہبود دنیا کے لیے درسِ وفا ہیں مرے آقاؐ



ایثار، کرم، خلق، رضا، صبر، محبت ظاہر ہے ان اوصاف سے کیا ہیں مرے آقاؐ



ہے پرتوِ حق آپؐ کے اندازِ عمل میں اخلاق حمیدہ کی ادا ہیں مرے آقاؐ



خورشید و قمر آپؐ کی تنویر سے روشن رخشندگیِ ارض و سما ہیں مرے آقاؐ



حاصل ہے سِوا آپؐ کے کس کو یہ سعادت مہمان سرِ عرش عُلیٰ ہیں مرے آقاؐ



مانگی تھی براہیم نے جو صحنِ حرم میں نکلی ہوئی دل سے وہ دعا ہیں مرے آقاؐ




Get it on Google Play



گفتار نبئؐ درس ہے عرفانِ خدا کا دنیا میں صداقت کی صدا ہیں مرے آقاؐ



قرآن کا مفہوم عیاں انؐ کے عمل سے انساں کے لیے عُقدہ کشا ہیں مرے آقاؐ



پڑھتا ہوں درود آپؐ پہ اخلاص و وفا سے ہر درد میں تسکینِ دوا ہیں مرے آقاؐ



ہے مجھ سا خطا کار بھی بخشش کا طلب گار مائل بہ کرم آپؐ سدا ہیں مرے آقاؐ



خوش بخت ہوں میں آپؐ کی امت میں ہوں ساقیؔ خلاق دو عالم کی عطا ہیں مرے آقاؐ

Get it on Google Play

midhah-logo-grey© 2025 Midhah