دیکھ کے جس کو جی نہیں بھرتا شہر مدینہ ایسا ہے آنکھوں کو جو ٹھنڈک بخشے گنبد خضریٰ ایسا ہے
منبر پاک رسولﷺ بھی دیکھا دیکھا خاص مصلیٰ بھی حرم شریف کا ہر منظر ہی نظروں میں جچتا ایسا ہے
ریاض الجنت کی خوشبو سے دل کو بھی مہکایا ہے مسجد نبوی ﷺ کا من بھاتا ہر اک نقشہ ایسا ہے
ہم مہمان بنے تھے انؐ کے عرش پہ جو مہمان ہوۓ کیوں نہ قسمت پر ہوں نازاں جن کا آقا ایسا ہے
واپس آئیں دل نہیں کرتا چھوڑ کے انؐ کی چوکھٹ کو جان بھی دے دیں حافظ در پر دل میں آتا ایسا ہے