بَہُت رنجیدہ و غمگین ہے دل یارسولَ اللہ کرم کر دو کلی دل کی اُٹھے کِھل یارسولَ اللہ
بَلاؤں نے مجھے ہر سَمت سے کچھ ایسا گھیرا ہے مِرے بڑھتے ہی جاتے ہیں مسائل یارسولَ اللہ
پئے اِمداد اپنے شیر حَمزہ کو شہا بھیجو مِرے پیچھے پڑا ہے ہائے! قاتِل یارسولَ اللہ
دلِ مغموم کا سب حال آقا تم پہ ظاہِر ہے شہا! ہُوں مرہمِ تسکیں کا سائل یارسولَ اللہ
غم و آلام کا مارا ہوں آقا بے سہارا ہوں مِری آسان ہو ہر ایک مشکِل یارسولَ اللہ
تمہیں دیتا ہوں مولیٰ واسِطہ میں چار یاروں کا مِرے ہوجائیں طے مشکِل مَراحِل یارسولَ اللہ
جو تُوچاہے تو میرے غم کی بیڑی گر پڑے کٹ کر نہیں تیرے لئے یہ کوئی مشکِل یارسولَ اللہ
مسلماں آہ! غافِل ہوگئے نیکی کی دعوت سے بڑھا جاتا ہے ہائے! زورِ با طِل یارسولَ اللہ
شہا مَنڈلا رہی ہے موت سرپرپھر بھی میرا نَفس گنا ہوں کی طرف ہردم ہے مائل یارسولَ اللہ
بڑھا جاتا ہے ہردم آہ! غَلبہ نفس و شیطاں کا یہ ہر نیکی میں ہو جاتے ہیں حا ئِل یارسولَ اللہ
گناہوں کے سبھی اَمراض آقا دور فرما دو سنور جائیں مرے سب بدخَصائل یارسولَ اللہ
نہ لندن کی نہ پیرس کی نہ امریکا کی ہے خواہِش مدینہ ہی ہماری تو ہے منزِل یارسولَ اللہ
شَفاعت حشر میں فرماؤگے جب خوش نصیبوں کی مجھے کر لینا آقا اُن میں شامل یارسولَ اللہ
کرم کردو بجز عِصیاں نہیں ہے کچھ بھی نامے میں عبادت ہے نہ پلّے ہیں نوافِل یارسولَ اللہ
ہمارے زَخم ہائے غم رسولِ پاک بھرجائیں جگر ہو تیرے غم میں کاش! گھائل یارسولَ اللہ
کچھ ایسی آگ الفت کی لگا دو میرے سینے میں میں تڑپوں خوب تڑپوں مثلِ بِسمِل یارسولَ اللہ
تِرے اَخلاق پر قرباں ترے اَوصاف پر واری مسلماں کیا عَدو بھی تیرا قائل یارسولَ اللہ
شہا! جب خُلد میں آپ آگے آگے جائیں اس دم کاش میں بھی ہو جاؤں پیچھے پیچھے داخِل یارسولَ اللہ
ابھی بن جائے بگڑی تیرے اِک ادنیٰ اشارے سے تِرے عطارؔ کے حَل ہوں مسائل یارسولَ اللہ