آدمیت کی علامت ہے ولاۓ مصطفیٰؐ مصطفیٰؐ دل کے لیے، دل ہے براۓ مصطفیٰؐ
ہے رضاۓ مصطفیٰؐ میں رب کعبہ کی رضا ربِ کعبہ کی رضا میں ہے رضاۓ مصطفیٰؐ
کچھ نہیں معلوم کیا ہے قصہء ذات و صفات تجھ پہ ہم ایمان لاۓ اے خداۓ مصطفیٰؐ
شکلِ انسانی میں قرآن مجسم آپؐ ہیں شرح فرمان خدا ہے ہر اداۓ مصطفیٰؐ
حشر کی گرمی اسے کچھ بھی ستا سکتی نہیں جس کو سایہ مل گیا زیرِ لواۓ مصطفیٰؐ
دو جہاں کی بادشاہی سے بڑا ہے یہ شرف کاش میں کہلاؤں اک ادنیٰ گداۓ مصطفیٰؐ
آرزو دل میں یہ رکھتا ہوں خدا پوری کرے جب مروں کوثرؔ زباں پر ہو ثناۓ مصطفیٰؐ